ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ویکسی نیشن مہم کے دوسرے دن ہی ویکسین کا کوٹہ ختم ؟ ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل سمیت کئی علاقوں میں بدھ کو نہیں ملا کووڈ۔ ڈوز

ویکسی نیشن مہم کے دوسرے دن ہی ویکسین کا کوٹہ ختم ؟ ضلع اُترکنڑا کے بھٹکل سمیت کئی علاقوں میں بدھ کو نہیں ملا کووڈ۔ ڈوز

Thu, 24 Jun 2021 14:06:45    S.O. News Service

بھٹکل 24 جون (ایس او نیوز)  کورونا پر قابو پانے کے لئے 21 جون کو پورے ملک میں  کورونا ویکسی نیشن کی سب سے بڑی مہم چلائی گئی تھی جس میں اول نمبر پر مدھیہ پردیش  میں سب سے زیادہ 14.7 لاکھ  لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگوایا  گیا تھا تو دوسرے نمبر پر ریاست کرناٹک  میں 10.36 لاکھ لوگوں کو ویکسین دی گئی تھی۔ اسی طرح اس ایک دن میں  ضلع اُترکنڑا میں  38,718  لوگوں کو ویکسین دے کرکرناٹک میں  اُترکنڑا کو دسواں مقام حاصل ہوا تھا، مگر پتہ چلا ہے کہ  صرف دو دن کے اندرہی  ضلع اُترکنڑا میں کووڈ ویکسین کا اسٹاک ختم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بدھ کے روز  کئی علاقوں میں لوگوں کو  ویکسین سینٹر جاکر  واپس گھر لوٹنا پڑا ہے۔

پتہ چلا ہے کہ کئی تعلقہ جات میں ویکسی نیشن مراکز کے باہر  آوٹ آف اسٹاک کا بورڈ لگایا گیا تھا جس کو دیکھ کر لوگ واپس جانے پر مجبور ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع اُترکنڑا میں تین دنوں میں صرف پچاس ہزار ڈوس ہی سپلائی کیا گیا تھا، اب ضلع میں صرف  7500 ڈوس ہی بچا ہے۔

بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے جمعرات کو ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  بھٹکل میں بدھ کے روز ویکسین کا اسٹاک نہیں تھا، البتہ بدھ کی شام کو  700 ڈوز موصول ہوا تھا، جسے آج یعنی جمعرات کو دیا جارہا ہے، توقع ہے کہ آج  جمعرات شام کو مزید 800  ویکسین کے ڈوز موصول ہوں گے جو کل یعنی جمعہ کو دئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ  ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے  اعلان   کیا تھا کہ 21 جون سے   18 سال سے زائد عمر والوں کو ٹیکہ دینے کی مہم شروع کی جائے گی  اورعالمی یوم یوگا کے موقع پر ویکسی نیشن کی ملک بھر میں سب سے  بڑی   مہم چلائی جائے گی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 21 جون کو ضلع اُترکنڑا میں  38,718 کووڈ ڈوز، 22 جون کو 10,906 ڈوز اور23 جون کو 1690 ڈوز فراہم کئے گئے تھے۔ اس طرح تین دنوں میں ضلع اُترکنڑا کو پچاس ہزار ڈوزہی   فراہم کئے گئے ۔جس کے بعد اب ضلع میں ویکسی نیشن  کی قلت پائی جارہی ہے ۔ ذرائع کی مانیں تو ضلع کے لئے روزانہ 35 ہزار ویکسی نیشن ڈوز  ملنے کی اُمید تھی، مگر کہا جارہا ہے  کہ   اب جتنی مقدار میں   بھی ویکسین دستیاب ہوتی ہے، اُسی سے کام چلانا پڑے گا۔

این آر آئیز والے توجہ دیں: ایک طرف ضلع میں کورونا ٹیکہ کی قلت پائی جارہی ہے، تو دوسری  طرف  ایسے حالات میں بھی این آر آئیز والوں  کو  کورونا ویکسین کا دوسرا ڈوز دلانے کے لئے  قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم  بھٹکل کی طرف سے کوششیں جاری ہیں، تنظیم نے دوسرا ڈوز لے کر   بیرون ممالک جانے والوں  سے درخواست کی ہے کہ   جن لوگوں کا فرسٹ ڈوز لے کر 28 دن مکمل ہوچکے ہیں، وہ تنظیم دفتر پہنچ کر ضروری کاغذات  ( ویکسینیشن  کے پہلے ڈوز کی  سرٹیفکیٹ،  پاسپورٹ یا آدھار کاپی اور ویزا کاپی یا اقامہ کاپی ) کے ساتھ  ایک فارم کو پُر کرتے ہوئے تنظیم دفتر میں اپنا رجسٹریشن کرائیں۔


Share: